رمضان المبارک کے پہلے جمعے کے لئے مقبوضہ بیت المقدس میں تین ہزار سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی

 تہران – ارنا – غاصب صیہونی حکومت نے رمضان المبارک کے پہلے جمعے کی آمد پر مقبوضہ شہر قدس میں تین ہزار پولیس اہلکار تعینات کردیئے ہیں

ارنا نے فلسطین الیوم کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے مسجد الاقصی کے اطراف میں اور شہر قدس کے مختلف علاقوں میں تین ہزار پولیس اہلکار تعینات کردیئے ہیں۔

 رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ رمضان المبارک شروع ہوتے ہی، مسجدالاقصی میں فلسطینی نمازیوں کے لئے بعض پابندیاں لگادی گئی ہیں اور پورے مقبوضہ شہر قدس میں سیکورٹی زیادہ چوکس کردی گئی ہے۔

 فلسطینی عوام غاصب صیہونی حکومت کے ان اقدامات کو مشرقی بیت المقدس کے عرب اور اسلامی تشخص کو ختم کرکے یہودی آبادی کے علاقے میں تبدیل کرنے کی کوششوں کا ہی تسلسل قرار دیتے ہیں۔

فلسطینی عوام، بین الاقوامی قرار دادوں کی بنیاد پر شہر بیت المقدس پر غاصب صیہونی حکومت کے قبضے کو جو 1967 میں ہوا ہے اور اسی طرح 1981 میں اس کے مقبوضہ سرزمینوں میں الحاق کو تسلیم نہیں کرتے۔

فلسطینی بیت المقدس کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت کہتے ہیں اور انہیں امید ہے کہ اس کو فلسطینی مملکت کا دارالحکومت تسلیم کیا جائے گا۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .